لیسکو نے تعمیراتی کاموں کیلئےمنظور شدہ بجلی کے شٹ ڈاؤن منسوخ کردیے
10-18-2026
(لاہور نیوز) لیسکو نے تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں کے لیے 15 سے 30 اکتوبر تک مختلف سب ڈویژنز میں منظور کیے گئے بجلی کے شٹ ڈاؤن منسوخ کر دیے ہیں، جس کے باعث صارفین کو دن کے اوقات میں تعمیراتی کاموں کی وجہ سے سات سے آٹھ گھنٹے بجلی کی بندش کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
ذرائع کے مطابق لیسکو کے پاس تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کے لیے ضروری میٹریل کی شدید قلت ہے، جس کے باعث بجلی کی بندش کا طے شدہ منصوبہ منسوخ کیا گیا ہے۔ پن انسولیٹرز، کنڈکٹرز، پولز اور کراس آرمز سمیت دیگر ضروری سامان کی عدم دستیابی بھی شٹ ڈاؤن واپس لینے کی وجوہات میں شامل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موسم کی شدت اور گرمی کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی بجلی بند کرنے کا فیصلہ واپس لیا گیا ہے۔ رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کے ساتھ دن کے وقت طویل بجلی بندش صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ کر سکتی تھی۔ شٹ ڈاؤن منسوخ ہونے سے صارفین کو دن کے وقت تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کے باعث طویل بجلی بندش سے ریلیف ملے گا۔