لاہور میں ممنوعہ اوقات میں ہیوی ٹریفک چلانے پرچالان نہیں، مقدمات درج ہونگے:سی ٹی او

10-18-2026

(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہر میں ممنوعہ اوقات کے دوران ہیوی ٹریفک کے داخلے اور نقل و حرکت پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف چالان کے بجائے مقدمات درج کرنے کا حکم دے دیا۔

سی ٹی او لاہور نے حادثات کی روک تھام اور شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے پبلک سروس وہیکلز، کمرشل گاڑیوں اور ہیوی ٹریفک کی خصوصی چیکنگ کا بھی حکم دیا ہے۔ سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق لاہور میں رات 11 بجے سے پہلے ہیوی ٹریفک کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں، جبکہ صبح 7 بجے کے بعد بھی ہیوی گاڑیوں کا شہر میں داخلہ اور سڑکوں پر چلنا ممنوع ہے۔ پابندی کا اطلاق ٹریکٹر ٹرالیوں، ٹرالرز، ٹرکوں، لوڈرز اور کنسٹرکشن مشینری پر بھی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممنوعہ اوقات میں ہیوی ٹریفک کی نقل و حرکت پر محض چالان کرنے کے بجائے مقدمات درج کیے جائیں گے۔ رات کے وقت ہیوی ٹریفک کو قافلوں کی صورت میں مرحلہ وار شہر میں داخل کیا جا رہا ہے، جبکہ آئل ٹینکرز کو بھی صرف مقررہ اوقات میں شہر میں داخلے اور نقل و حرکت کی اجازت ہے۔ سی ٹی او لاہور نے مقررہ باڈی سے باہر نکلے ہوئے سامان کی نقل و حمل کے خلاف بھی سخت کارروائی کا حکم دیا، کیونکہ ایسا سامان ٹریفک حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیوی گاڑیاں مجموعی ٹریفک حجم کا صرف 4.5 فیصد ہیں، لیکن یہ 44 فیصد حادثات میں ملوث پائی گئی ہیں۔ اس لیے کمرشل اور ہیوی گاڑیوں کی مؤثر چیکنگ حادثات میں کمی لانے اور شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا کہ شہریوں کی قیمتی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فرائض کی انجام دہی میں غفلت برتنے اور مؤثر کارروائی نہ کرنے والے سیکٹر انچارجز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔