بلوچستان کے مسائل کو سیاسی بنیادوں پر حل کیا جائے: لیاقت بلوچ

10-18-2026

(لاہور نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کو سیاسی بنیادوں پر حل کیا جائے اور وزیراعظم بلوچستان کی صورتحال پر قومی کانفرنس بلائیں تاکہ صوبے میں جاری بحرانوں کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے زیرِ تعلیم طلبا و طالبات کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں طلبہ نے اپنے تعلیمی مسائل اور بلوچستان کی مجموعی صورتحال سے متعلق گفتگو کی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلوچستان طویل عرصے سے شورشوں کی زد میں ہے، شورش برپا کرنے والوں کے بیانیے کی علاقائی تائید بڑھتی جا رہی ہے، جبکہ شورش روکنے والوں کا بیانیہ تنہائی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کا مصنوعی وجود بلوچستان میں بحرانوں کو مزید گھمبیر بنا چکا ہے۔ نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی بلوچستان کے مسائل کا حل سیاسی بنیادوں پر چاہتی ہے، صوبے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے عوامی مینڈیٹ کا احترام، سیاسی مسائل کا حل اور مؤثر قومی مکالمہ ناگزیر ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے طلبہ و طالبات جماعت اسلامی کو بہت عزیز ہیں۔ ان کا احترام، قدر اور ان کے مسائل کا حل قومی تقاضا ہے، طلبہ کی تعلیمی مشکلات دور کرنا اور انہیں بہتر مستقبل کے مواقع فراہم کرنا بھی اہم قومی ذمہ داری ہے۔