گلاب دیوی ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر اور مریض کے لواحقین میں ہاتھا پائی

10-18-2026

(لاہور نیوز) گلاب دیوی ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر اور مریض کے لواحقین کے درمیان ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کی فوٹیج لاہور نیوز نے حاصل کر لی۔

لواحقین کے مطابق مریض کو آئی سی یو منتقل کرنے کے مطالبے پر تنازع شروع ہوا۔ لواحقین نے الزام عائد کیا کہ انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور کمرے میں بند کیا گیا۔ دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ مریض کے ساتھ موجود تین خواتین نے لیڈی ڈاکٹر پر حملہ کیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق واقعہ میں ملوث خواتین کے خلاف قانونی کارروائی کرنے یا نہ کرنے کا تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا۔ واقعہ سے متعلق دونوں فریقین کے مؤقف میں تضاد ہے، جبکہ الزامات کی آزادانہ تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔