لاہور میں بسنت تین روز منانے کی تجویز، نئی سمری کابینہ کو ارسال
10-17-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے بسنت 2027 کی تاریخوں میں ایک بار پھر تبدیلی کیلئے نئی سمری صوبائی کابینہ کو ارسال کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں دس روز کے بجائے صرف تین روز بسنت منانے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت 12 سے 14 مارچ 2027 کی تاریخیں تجویز کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس سے قبل 29 جنوری سے 7 فروری 2027 تک دس روزہ بسنت فیسٹیول منانے کا اعلان کیا تھا، تاہم اب تاریخوں پر نظرثانی کا معاملہ دوبارہ زیر غور ہے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور کے دفتر سے 12 سے 14 مارچ 2027 تک بسنت کے انعقاد اور انتظامات سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کی اطلاع ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور کی حدود میں مخصوص ممنوعہ علاقوں کے علاوہ پتنگ بازی کی اجازت ہو گی، تاہم تاریخوں میں تبدیلی سے متعلق حتمی فیصلہ پنجاب کابینہ کی منظوری سے مشروط ہو گا۔ بسنت کے موقع پر پتنگ بازی کیلئے پنجاب حکومت کے مقرر کردہ قواعد و ضوابط اور منظور شدہ سامان کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے، پتنگ بازی کے سامان کی تیاری، خرید و فروخت اور ذخیرہ کرنے کیلئے رجسٹریشن بھی لازمی ہو گی۔ حکومتی ہدایات کے مطابق پتنگ بازی کا سامان تیار کرنے کی اجازت 5 ستمبر 2026 سے 14 مارچ 2027 تک ہو گی، جبکہ سامان کی خریداری، نقل و حمل اور ذخیرہ کرنے کی اجازت یکم فروری 2027 سے دی جائے گی، عام شہریوں کو پتنگ بازی کا سامان فروخت کرنے کی اجازت 10 فروری 2027 سے ہو گی۔ پتنگ بازی کا سامان صرف رجسٹرڈ دکانداروں کو فروخت کرنے کی اجازت ہو گی، مینوفیکچررز، تاجروں اور فروخت کنندگان کی رجسٹریشن ای بز ایپ یا پنجاب حکومت کے مخصوص آن لائن پورٹل کے ذریعے کی جائے گی، غیر رجسٹرڈ افراد کو پتنگ بازی کا سامان تیار کرنے، ذخیرہ کرنے یا فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔