لاہور پولیس کا شیشہ اور گٹکا فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 921 ملزمان گرفتار
10-17-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں پولیس نے شیشہ اور گٹکا فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا۔
رواں سال گٹکا فروشی میں ملوث 796 ملزمان کو گرفتار کرکے 787 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ شیشہ فلیورز کی خرید و فروخت کے خلاف کارروائیوں کے دوران 125 ملزمان گرفتار اور 59 مقدمات درج کیے گئے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے شیشہ اور گٹکا فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ سی سی پی او نے تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں گٹکا اور شیشہ فروشی کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ نوجوان نسل کو مضر صحت اشیا سے محفوظ رکھا جا سکے۔ بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کی صحت اور مستقبل کا تحفظ لاہور پولیس کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے شیشہ اور گٹکا فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔