طالبات کےلئے 2روزہ مفت سکوٹی ڈرائیونگ ٹریننگ کا آغاز
10-17-2026
(لاہور نیوز) طالبات کو بااختیار اور خودمختار بنانے کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے دو روزہ مفت سکوٹی ڈرائیونگ ٹریننگ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔
سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق طالبات شہر میں قائم پانچ ڈرائیونگ سکولز سے مفت تربیت حاصل کر سکتی ہیں، جبکہ تمام انچارجز کو فری ٹریننگ سیشنز کے انعقاد کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ سکولوں اور کالجوں کی انتظامیہ بھی خصوصی ٹریننگ سیشنز کے انعقاد کے لیے ٹریفک پولیس سے رابطہ کر سکتی ہے۔ ٹریننگ کے لیے لبرٹی، گریٹر اقبال پارک، ایل او ایس فیروزپور روڈ اور مناواں میں سکوٹی ڈرائیونگ سکولز قائم ہیں، جبکہ ایل او ایس فیروزپور روڈ پر خواتین کے لیے مفت ڈرائیونگ کورس بھی جاری ہے۔ تمام مراکز پر طالبات کی سہولت کے لیے الگ جین زی (Gen Z) کاؤنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ سی ٹی او کے مطابق دو روزہ تربیت کے دوران ماہر انسٹرکٹرز طالبات کو سکوٹی چلانے کی عملی تربیت، محفوظ ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال موٹر سائیکل سواروں کو دو لاکھ سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ سڑکوں پر خواتین ڈرائیورز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔