سرکاری سکولوں کے اخراجات کی تفصیلات طلب، 20 اکتوبر تک مہلت
10-17-2026
(ویب ڈیسک) محکمہ پبلک انسٹرکشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں کے یوٹیلیٹی بلز اور نان سیلری بجٹ کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
اس سلسلے میں تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) ایجوکیشن کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، مراسلے کے مطابق ضلعی تعلیمی حکام کو جولائی، اگست اور ستمبر 2026 کے دوران سرکاری سکولوں کے بجلی، سوئی گیس، پانی اور دیگر یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگیوں کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ نے مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی کے نان سیلری بجٹ کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں، اس مقصد کیلئے تمام سرکاری سکولوں کے نام، ای ایم آئی ایس (EMIS) کوڈز اور ماہانہ یوٹیلیٹی بلز کی تفصیلات مرتب کرکے ارسال کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ معلومات یوٹیلیٹی اخراجات اور دستیاب فنڈز کا تقابلی جائزہ لینے کیلئے حاصل کی جا رہی ہیں، اس ضمن میں تمام ضلعی تعلیمی سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ مطلوبہ ریکارڈ ایکسل فارمیٹ میں مرتب کرکے 20 اکتوبر 2026 تک محکمہ پبلک انسٹرکشن پنجاب کو ارسال کیا جائے۔ محکمہ نے ریکارڈ کی فراہمی کو انتہائی اہم اور فوری ترجیح قرار دیتے ہوئے تمام اضلاع کو مقررہ مدت کے اندر مکمل معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔