فیصل ٹاؤن سے اغوا ہونے والے دو افراد باٹا پور سے بازیاب، ملزمان گرفتار

10-17-2026

(لاہور نیوز) فیصل ٹاؤن سے اغوا ہونے والے دو افراد کو باٹا پور سے بازیاب کرکے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فیصل ٹاؤن میں پراپرٹی تنازعے پر دو افراد کو مبینہ طور پر اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے کا ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے نوٹس لے لیا، فیصل ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں مغویوں کو باٹا پور سے بازیاب کروا لیا جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق مدثر ڈوگر نامی شخص کا شہباز کے ساتھ پراپرٹی کے معاملے پر تنازع چل رہا تھا۔ اسی سلسلے میں مدثر ڈوگر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فیصل ٹاؤن میں واقع ڈیٹیلنگ سنٹر پہنچا، جہاں شہباز اور عابد کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ملزمان اسلحے کے زور پر شہباز اور عابد کو ڈالے میں اغوا کرکے نامعلوم مقام پر لے گئے۔ واقعے کی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور مغویوں کی بازیابی کے لیے کارروائی کی ہدایت کی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سفیان اور شکیل نامی ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق شہباز اور عدنان نے منور ڈوگر سے شوروم کا سودا کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقررہ وقت پر قبضہ دینے کے بجائے شہباز اور عدنان نے عدالت سے حکمِ امتناع حاصل کرلیا، جس کے بعد مبینہ طور پر منور ڈوگر نے اپنے ساتھیوں کے ذریعے انہیں اغوا کروایا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ ڈالہ کلچر اور غنڈہ گردی ناقابلِ برداشت ہے،شہری لین دین کے معاملات میں عدالتی احکامات کی پاسداری کریں اور قانون کو ہاتھ میں لینے سے گریز کریں۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔