چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے گوجرانوالہ کے عدالتی مراکز میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا
10-16-2026
(محمد اشفاق) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے وکلا اور سائلین کی فلاح و بہبود اور عدالتی مراکز میں سہولتوں کی فراہمی کے لیے اہم اقدامات کرتے ہوئے گوجرانوالہ، وزیرآباد، کامونکی اور نوشہرہ ورکاں کے عدالتی مراکز میں مکمل ہونے والے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا۔
ان منصوبوں میں خواتین وکلا کے لیے لیڈیز بار رومز، خواتین عدالتی عملے کے لیے کامن رومز، خواتین سائلین کے لیے ویٹنگ ایریاز، فیملی میٹنگ و وزیٹیشن رومز، ای لائبریریز اور عدالتوں و متعلقہ دفاتر کی سولرائزیشن شامل ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کے حکم پر وکلا، خواتین وکلا کی فلاح وبہبود اور سائلین کی سہولت کے لیے ضلع گوجرانولہ اور تحصیلوں میں ریکارڈ مدت میں تمام پراجیکٹس مکمل کرلیے گئے۔ ان منصوبوں کا مقصد عدالتی نظام میں سہولتوں کو بہتر بنانا، خواتین وکلا اور عدالتی عملے کو سازگار ماحول فراہم کرنا اور عدالتوں میں آنے والے سائلین کی مشکلات کم کرنا ہے۔ اس موقع پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے ضلع گوجرانولہ اور تحصیلوں میں عدالتی مراکز کا دورہ کیا جہاں پر ماتحت عدلیہ کے ججز اور بار کے نمائندوں نے پرتپاک استقبال کیا اور پھول پیش کیے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ چیف جسٹس عالیہ نیلم کے حکم پر گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر میں لیڈیز بار روم اور خواتین عدالتی عملے کے لیے کامن روم قائم کیا گیا ہے جبکہ عدالتوں اور بار رومز میں ای لائبریریوں کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ اسی طرح بار روم کی سولرائزیشن کے ساتھ عدالتوں اور متعلقہ دفاتر کے لیے ہائبرڈ آف گرڈ سولر سسٹم بھی مکمل کیا گیا ہے، جس کا مقصد بجلی کی فراہمی کو بہتر بنانا اور لوڈشیڈنگ کے اثرات کم کرنا ہے۔ وزیرآباد میں خواتین عدالتی عملے کے لیے کامن روم، خواتین سائلین کے لیے ویٹنگ ایریا، فیملی میٹنگ و وزیٹیشن روم اور عدالتوں کے لیے ای لائبریری قائم کی گئی ہے۔ عدالتی عمارتوں اور متعلقہ دفاتر کی سولرائزیشن کے لیے ہائبرڈ آف گرڈ سولر سسٹم کا منصوبہ بھی مکمل کر لیا گیا چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ان تمام منصوبوں کا افتتاح کیا، اس موقع پر جسٹس سید شہباز رضوی بھی موجود تھے۔ کامونکی کے عدالتی مرکز میں خواتین وکلا کے لیے لیڈیز بار روم، خواتین عملے کے لیے کامن روم اور خواتین سائلین کے لیے ویٹنگ ایریا سمیت مختلف سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، یہاں فیملی میٹنگ و وزیٹیشن روم اور ای لائبریری بھی قائم کی گئی ہے، جبکہ عدالتوں اور متعلقہ دفاتر کے لیے ہائبرڈ آف گرڈ سولرائزیشن کا منصوبہ کا بھی افتتاح کیا گیا۔ نوشہرہ ورکاں میں بھی خواتین وکلا کے لیے لیڈیز بار روم، خواتین عدالتی عملے کے لیے کامن روم، فیملی میٹنگ و وزیٹیشن روم اور خواتین سائلین کے لیے ویٹنگ ایریا کے منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ عدالتوں کے لیے ای لائبریری اور عدالتی عمارتوں و متعلقہ دفاتر کی سولرائزیشن بھی منصوبوں میں شامل ہے، یہ ترقیاتی منصوبے اے جے ڈی ایف کے تحت مکمل کیے گئے ہیں، جن میں بالخصوص خواتین وکلا، خواتین عدالتی عملے اور خواتین سائلین کے لیے سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دی گئی ہے۔ منصوبوں کی تکمیل سے عدالتی مراکز میں بنیادی سہولتوں کی بہتری، قانونی تحقیق کے لیے جدید وسائل تک رسائی اور سائلین کے لیے زیادہ موزوں ماحول کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ گوجرانوالہ کی وکلا تنظیموں نے عدالتی مراکز میں سہولتوں کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم کے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔