پنجاب بھر میں کچرا جلانے پر پابندی عائد کر دی گئی، خلاف ورزی پر فوری کارروائی کا حکم

10-16-2026

(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں کھلے مقامات پر کچرا جلانے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ ڈی جی ماحولیات عبداللہ نیئر شیخ نے اوپن ویسٹ برننگ کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

محکمہ ماحولیات کے مطابق سموگ کے خلاف اقدامات کے تحت آلودگی کے ایک بڑے ذریعے کو نشانے پر لیا گیا ہے گلیوں، سڑکوں، خالی پلاٹس، مارکیٹوں اور دیگر کھلے مقامات پر کچرا جلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پلاسٹک، ربڑ، پتے، جھاڑیاں، سبز فضلہ اور دیگر قابلِ احتراق مواد جلانے پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق کھلے عام کچرا جلانے سے زہریلا دھواں اور باریک ذرات فضا میں شامل ہوکر سموگ کی شدت میں اضافہ کرتے ہیں، جبکہ یہ دھواں شہریوں کی صحت اور فضائی معیار کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔ اسی لیے آلودگی پیدا ہونے کے بعد کارروائی کے بجائے اس کے ماخذ پر ہی روک تھام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈی جی ماحولیات عبداللہ نیئر شیخ نے ہدایت کی ہے کہ کچرا جلانے کے واقعات روکنے کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ مؤثر بنائی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کچرے کے ڈھیروں کو آگ لگا کر ماحول آلودہ کرنے کی روش کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ محکمہ ماحولیات نے ضلعی انتظامیہ، میونسپل اداروں اور متعلقہ محکموں کو کچرے کی بروقت منتقلی اور مناسب تلفی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ متعلقہ اداروں کو اوپن ویسٹ برننگ کے مقامات کی نشاندہی اور مسلسل نگرانی کا بھی کہا گیا ہے۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق عوام، کاروباری مراکز اور ادارے کچرا جلانے کے بجائے مناسب ویسٹ کلیکشن اور تلفی کا نظام استعمال کریں۔ پنجاب میں صاف ہوا کے لیے کھلے مقامات پر کچرا جلانے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔