سی ایم پنجاب سپورٹس کارڈ تیار، 300 کھلاڑیوں کو وظائف ملیں گے
10-16-2026
(لاہور نیوز) پنجاب کے کھلاڑیوں کی مالی معاونت کیلئے سی ایم پنجاب سپورٹس کارڈ تیار کرلیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں سپورٹس بورڈ پنجاب اور بینک آف پنجاب کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن مہمان خصوصی تھے، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور بینک آف پنجاب کے چیف ڈیجیٹل آفیسر نوفل داؤد نے ایم او یو پر دستخط کئے، پہلے مرحلے میں 300 کھلاڑیوں کو ایک سال کیلئے ایک لاکھ، 70 ہزار اور 50 ہزار روپے کے وظائف دیئے جائیں گے۔ فضل الرحمن نے کہا کہ سی ایم پنجاب سپورٹس کارڈ کے ذریعے باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں مالی معاونت فراہم کی جائے گی، منصوبے کا ہدف ایک ہزار کھلاڑیوں کو سپورٹس کارڈ فراہم کرنا ہے، جبکہ کارڈ کا افتتاح جلد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق کھیلوں کو فروغ دینے اور قومی و بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی تیار کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ تقریب میں سپورٹس بورڈ پنجاب اور بینک آف پنجاب کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔