پرائمری جماعتوں کی درسی کتب کے ٹینڈرز جاری نہ ہو سکے
10-16-2026
(لاہور نیوز) پنجاب میں چھٹی سے دسویں جماعت تک درسی کتب کی چھپائی کے ٹینڈرز جاری کر دیئے گئے ہیں، تاہم پہلی سے پانچویں جماعت تک کتابوں کی چھپائی کے ٹینڈرز تاحال جاری نہیں ہو سکے۔
ذرائع کے مطابق نرسری سے پانچویں جماعت تک 30 نئی درسی کتب شائع کرنے اور آئندہ تعلیمی سال کیلئے تقریباً 30 کروڑ کتابیں چھاپنے کا منصوبہ ہے، گزشتہ سال ستمبر میں چھپائی کے ٹینڈرز جاری کر دیئے گئے تھے، جبکہ رواں سال اکتوبر کا نصف گزرنے کے باوجود پرائمری جماعتوں کے ٹینڈرز جاری نہیں ہو سکے۔ نجی سکولوں میں نیا تعلیمی سال یکم جنوری سے شروع ہونے کے پیش نظر پبلشرز نے مطالبہ کیا ہے کہ پرائمری جماعتوں کی درسی کتب کی چھپائی کے ٹینڈرز فوری جاری کئے جائیں۔ دوسری جانب محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ پرائمری جماعتوں کی کتابوں کے ٹینڈرز بھی جلد جاری کر دیئے جائیں گے اور نئے تعلیمی سال سے قبل طلبہ کو 100 فیصد درسی کتب فراہم کی جائیں گی۔