ملک میں امن و امان کے بغیر سیاست اور ترقی ممکن نہیں، ملک محمد احمد خان

10-16-2026

(لاہور نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کے بغیر سیاست اور ترقی ممکن نہیں، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے افواج پاکستان، وزیراعظم اور سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو مشترکہ اقدامات کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہسپتالوں، بازاروں، ٹرینوں اور تعلیمی اداروں میں دہشت گردی کے واقعات دیکھے ہیں، جبکہ سانحہ آرمی پبلک سکول میں بچوں کی شہادت آج بھی ایک دردناک حقیقت ہے، سکیورٹی ہو گی تو ملک اور سیاست دونوں قائم رہیں گے۔ ملک محمد احمد خان نے نوجوانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کبھی بیوقوف نہیں سمجھنا چاہئے، بلکہ ان کے خوابوں کی تکمیل کیلئے مواقع فراہم کرنے چاہئیں کیونکہ ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ انہوں نے لٹریری فیسٹیولز اور کتب بینی کے فروغ کو بھی ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادبی میلوں سے مطالعے، مکالمے اور شاعری کو فروغ ملنا چاہئے، انہوں نے جامعات پر زور دیا کہ وہ بھی ایسی سرگرمیوں کا انعقاد کریں اور کتابوں کی بڑھتی قیمتوں کے مسئلے پر حکومت سے بات کی جائے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے معاشرے میں بڑھتی عدم برداشت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کتابوں اور مثبت مکالمے کے ذریعے معاشرتی رویوں میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔