پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو کا اجلاس، آڈٹ اعتراضات پر 30 روز میں وضاحت طلب

10-16-2026

(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو کا اجلاس چیئرپرسن سید علی حیدر گیلانی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں پنجاب اسمبلی، محکمہ آڈٹ، محکمہ خزانہ، محکمہ صنعت اور محکمہ زراعت کے افسران نے شرکت کی، متعلقہ محکموں کے ذیلی اور خودمختار اداروں کے نمائندگان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران محکمہ صنعت کے آڈٹ پیراز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ محکمہ زراعت اور اس کے ذیلی اداروں سے متعلق آڈٹ پیراز پر بھی غور کیا گیا۔ کمیٹی نے محکموں کی مالیاتی و انتظامی کارکردگی، سرکاری فنڈز کے استعمال، مالیاتی ریکارڈ اور آڈٹ سفارشات پر عملدرآمد سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔ کمیٹی نے آڈٹ اعتراضات پر متعلقہ افسران سے 30 روز کے اندر وضاحت طلب کرتے ہوئے انہیں مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں آڈٹ اعتراضات کا بروقت ازالہ کرنے اور متعلقہ محکموں کو قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ چیئرپرسن اور کمیٹی نے سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال، مالیاتی شفافیت اور محکمانہ جوابدہی یقینی بنانے پر زور دیا۔