پنجاب میں ڈینگی کے 250 کنفرم کیسز، لاہور 65 مریضوں کے ساتھ سرفہرست
10-16-2026
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں ڈینگی کے خطرات برقرار ہیں، صوبے میں کنفرم مریضوں کی مجموعی تعداد 250 تک پہنچ گئی ہے، اکتوبر کے دوران اب تک 84 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں،لاہور 65 کیسز کے ساتھ پہلے اور راولپنڈی 57 کیسز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں اکتوبر کے دوران ڈینگی کے 29 نئے کنفرم کیسز سامنے آئے، جبکہ راولپنڈی میں اسی ماہ 24 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملتان اور چکوال میں مجموعی طور پر 15، 15 کیسز، رحیم یار خان میں 11 جبکہ قصور، فیصل آباد، مظفرگڑھ اور سیالکوٹ میں 9، 9 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق اوکاڑہ میں 5، گوجرانوالہ میں 4 جبکہ ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، لودھراں، خانیوال، شیخوپورہ، اٹک اور پاکپتن میں 3، 3 کیسز سامنے آئے ہیں۔ اسی طرح بہاولپور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، وہاڑی اور چنیوٹ میں 2، 2 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ خوشاب، گجرات، راجن پور، سرگودھا، میانوالی، لیہ، ننکانہ صاحب، جہلم، مری اور نارووال میں ایک، ایک کیس سامنے آیا ہے۔ دستاویز کے مطابق بھکر، حافظ آباد، بہاولنگر اور منڈی بہاؤالدین میں تاحال کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی سرویلنس تیز کر دی گئی ہے، جبکہ ڈینگی سے متعلق ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔