غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ، امریکی شہریوں سے فراڈ کے الزام میں ملزمان گرفتار
10-16-2026
(لاہور نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کی ہدایت پر الحفیظ شاپنگ مال میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ غیر قانونی کال سینٹر کا انکشاف کیا ہے۔
کارروائی کے دوران کال سینٹر کے مالک ارشاد احمد بٹ اور ملازم اورنگزیب کو گرفتار کر لیا گیا، این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان امریکی شہریوں کو انشورنس کمپنیوں کے نمائندے ظاہر کرکے ان کے کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈز کی خفیہ معلومات حاصل کرتے تھے۔ چھاپے کے دوران دو لیپ ٹاپ اور تین موبائل فون برآمد کئے گئے، ایجنسی کے مطابق الیکٹرانک آلات کی جانچ پڑتال سے آن لائن کالنگ سافٹ ویئر اور مبینہ مالی فراڈ سے متعلق اہم شواہد ملے ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر نے کہا کہ بیرون ملک مقیم شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔