خوراک کی ضروریات پوری کرنے کیلئے زراعت میں جدت اور میکانائزیشن اپنانا ہوگی:مریم نواز
10-16-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یوم خوراک کے موقع پر اپنے پیغام میں دوسروں کے لیے خوراک کی فراہمی کے لیے محنت کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہوئے اناج اگانے والے کاشتکاروں اور کسانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ عالمی یوم خوراک منانے کا مقصد غذائی تحفظ کے لیے مشترکہ کاوشوں کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔ دنیا بھر میں غذائی تحفظ کی کوششوں کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، جبکہ غیر معمولی ماحولیاتی تبدیلیاں مناسب خوراک کی فراہمی کو بھی متاثر کر رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر فرد کو متوازن اور مناسب خوراک کی فراہمی پائیدار ترقی کی علامت ہے۔ خوراک کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لیے زراعت میں جدت اور جدید مشینری کے استعمال کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے بھر میں اناج کی بہتر پیداوار کے لیے کاشتکاروں کی معاونت کر رہی ہے۔ کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر سکیم، زرعی میکانائزیشن اور دیگر اقدامات کے ذریعے زرعی پیداوار میں اضافے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ ماڈل ایگری مال میں پنجاب کے کاشتکاروں کو تمام ضروری سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ صوبے کے مختلف شہروں میں مزید 10 ایگری مال قائم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عالمی یوم خوراک کے موقع پر موسمیاتی سختیوں کا مقابلہ کرنے والے کاشتکاروں کی محنت کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ پنجاب کے کسان بھائی ملک بھر کے عوام کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔