پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام پاکستان کے سب سے بڑے تین روزہ کتاب میلے کا افتتاح

10-15-2026

(لاہور نیوز) پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام پاکستان کے سب سے بڑے تین روزہ کتاب میلے کا افتتاح صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کر دیا۔

کتاب میلے میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی، جبکہ ملک بھر سے معروف پبلشرز کی جانب سے 114 سے زائد اسٹالز لگائے گئے ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ کتاب میلہ اس قدر بھرپور ہوگا۔ یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ کتاب میلے میں طلباء و طالبات کے اسٹارٹ اپس کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے جتنے فوائد ہیں، اتنے ہی نقصانات بھی ہیں۔ اسکرین پر کسی ایک چیز پر مسلسل توجہ مرکوز رکھنا مشکل ہے، جبکہ کتاب کو یکسوئی اور توجہ کے ساتھ پڑھا جا سکتا ہے۔ کتاب سے دوری نئی نسل کے لیے مسائل پیدا کر سکتی ہے۔ امید ہے کہ اس طرح کی سرگرمیوں کے ذریعے ڈیجیٹل دور کے چیلنجز پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ صوبائی وزیر کھیل نے کتاب میلے کے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور وہاں سے کتابیں بھی خریدیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ کتاب میلے کے انعقاد کا بنیادی مقصد کتب بینی کو فروغ دینا ہے۔ کتاب میلے میں مختلف موضوعات پر کتابیں رعایتی نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد مطالعے کی جانب راغب ہوں۔ ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ اس سال کتاب میلے میں نئے آئیڈیاز پر مبنی طلباء و طالبات کے اسٹالز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔ کتاب انسانی زندگی سے کبھی باہر نہیں جائے گی، جبکہ یونیورسٹیوں کی ذمہ داری صرف تعلیم فراہم کرنا نہیں بلکہ طلباء و طالبات کی تربیت اور شخصیت سازی بھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال پنجاب یونیورسٹی کے کتاب میلے میں ایک لاکھ 75 ہزار کتابیں فروخت ہوئی تھیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ایسی سرگرمیوں کے ذریعے معاشرے میں مطالعے کی عادات کو فروغ دیا جائے اور نوجوان نسل کو کتابوں سے جوڑا جائے۔ پنجاب یونیورسٹی کا تین روزہ کتاب میلہ 15 سے 17 اکتوبر تک نیو کیمپس کے فیصل آڈیٹوریم کوریڈور میں جاری رہے گا، جس میں ملک بھر کے معروف پبلشرز کی جانب سے کتابوں کے اسٹالز لگائے گئے ہیں۔ کتاب میلے میں طلباء و طالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔