لاہور میں بارش سے بجلی کا نظام متاثر، 110 سے زائد فیڈرز ٹرپ

10-15-2026

(لاہور نیوز) لاہور میں بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہو گیا، لیسکو کے 110 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔

بجلی کی بندش سے ہربنس پورہ، کینال پارک، مغل پورہ، شالیمار، باغبانپورہ، بھٹہ چوک، قلعہ گجر سنگھ، سمن آباد، والٹن روڈ، چونگی امرسدھو، بادامی باغ اور شاہدرہ کے مختلف علاقے متاثر ہوئے۔ ذرائع کے مطابق فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، جبکہ طویل بندش کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ لیسکو انتظامیہ کے مطابق بارش شروع ہوتے ہی بجلی کی فراہمی کے نظام کی نگرانی کیلئے تمام متعلقہ ٹیموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا تھا، لیسکو ترجمان نے بتایا کہ بارش رکنے کے بعد بجلی کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا، جبکہ متعدد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی بحال کی جا چکی ہے۔ ترجمان کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کیلئے ٹیمیں کام کر رہی ہیں تاکہ باقی علاقوں میں بھی جلد از جلد بجلی کی فراہمی بحال کی جا سکے۔