انسدادِ سموگ آپریشن، صنعتی یونٹس، بھٹوں اور آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائیاں
10-15-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں انسدادِ سموگ آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی محکمہ تحفظ ماحولیات عبداللہ نیر کے مطابق پنجاب بھر میں 268 صنعتی یونٹس کی انسپیکشن کی گئی، خلاف ورزیوں پر 6 یونٹس سیل، 4 کے خلاف مقدمات درج اور 9 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 475 بھٹوں کا معائنہ کیا گیا، جن میں سے 10 کو مسمار، 5 کو سیل اور 6 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، جبکہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 17 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ غیر معیاری پلاسٹک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 1,295 کلوگرام پلاسٹک ضبط کیا گیا، 4 مقامات سیل کیے گئے اور 82 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، باربی کیو اور کمرشل کوکنگ پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران 73 مقامات پر سکشن ہڈز نصب کیے گئے، جبکہ دھوئیں کے اخراج کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ محکمہ تحفظ ماحولیات کے مطابق سموگ کے تدارک کیلئے ڈرون سکواڈ، نائٹ سکواڈ اور ہاک آئی فیلڈ سکواڈ بھی متحرک ہیں، جو ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی نشاندہی اور فوری کارروائی میں مصروف ہیں۔ محکمہ زراعت پنجاب نے فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف کارروائیوں کے دوران 8 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا اور 32 مقدمات درج کیے، صوبے بھر میں پرالی جلانے کی روک تھام کیلئے 145 اینٹی سموگ سکواڈ فیلڈ میں سرگرم ہیں۔ کاشتکاروں میں آگاہی کیلئے مساجد میں 39 ہزار 941 اعلانات کیے گئے، جبکہ خلاف ورزیوں پر 4 لاکھ 81 ہزار 915 وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے، اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر 193 آگاہی پوسٹس بھی اپ لوڈ کی گئیں تاکہ کسانوں کو فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے متبادل طریقوں سے آگاہ کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت صنعتی آلودگی کی روک تھام، دھوئیں کے اخراج کی نگرانی، فصلوں کی باقیات جلانے کے خاتمے اور جدید زرعی مشینری کے استعمال پر توجہ دی جا رہی ہے۔ ڈی جی محکمہ تحفظ ماحولیات عبداللہ نیر کے مطابق انسدادِ سموگ مہم میں آگاہی، مسلسل نگرانی اور قانونی کارروائی بیک وقت جاری ہے، جبکہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جا رہی ہیں۔