غیر قانونی ڈمپنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، مقدمات درج

10-15-2026

(لاہور نیوز) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) نے کوڑے کی غیر قانونی ڈمپنگ اور اسے آگ لگانے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے 10 سے زائد مقامات پر استغاثے جمع اور ایف آئی آرز درج کروا دی ہیں۔

ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق ایل ڈی اے سٹی، واپڈا ٹاؤن اور نواب ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں غیر قانونی ڈمپنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان نے گجومتہ کے عارضی ویسٹ کلیکشن پوائنٹ کا دورہ کیا اور صفائی انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے چندرائے روڈ، کچا جیل روڈ اور چونگی امرسدھو میں کنٹینرز کی کلیئرنس اور صفائی آپریشنز کا بھی معائنہ کیا۔ دورے کے دوران شہریار عارف خان نے اہلِ علاقہ سے ملاقات کرکے صفائی کے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا، جبکہ صفائی پر مامور عملے کی حاضری اور یونیفارم بھی چیک کی، ڈپٹی سی ای او آپریشنز نعمان محمود اور دیگر سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان نے کہا کہ کوڑے کی غیر قانونی ڈمپنگ اور اسے آگ لگانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے، شہر بھر میں تمام عارضی ویسٹ کلیکشن پوائنٹس کو ماحول دوست بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر یونین کونسل میں سو فیصد گھر گھر سے کچرا جمع کرنے کیلئے عملہ تعینات ہے، جبکہ شہری علاقوں کے ساتھ دیہی یونین کونسلز میں بھی صفائی کے انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ شہریار عارف خان کے مطابق شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے فیلڈ میں صفائی آپریشنز کی مسلسل نگرانی جاری ہے اور غیر قانونی ڈمپنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جا رہی ہیں۔ ایل ڈبلیو ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے، کوڑے کی مناسب تلفی اور ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کیلئے فیلڈ آپریشنز اور نگرانی کا عمل جاری رہے گا۔