لاہور میں بارش کے بعد صفائی آپریشن ، ایل ڈبلیو ایم سی کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک

10-15-2026

(لاہور نیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث ستھرا پنجاب کے تحت لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کی صفائی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں متحرک ہیں۔

سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان کی ہدایت پر شہر بھر میں صفائی آپریشن جاری ہے۔ کینال روڈ، جیل روڈ اور مال روڈ پر درختوں کی شاخیں اور پتے ہٹانے کے لیے عملہ تعینات کیا گیا ہے، جبکہ وحدت روڈ، فیروزپور روڈ، گلبرگ اور لبرٹی چوک پر بھی صفائی ٹیمیں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ڈیوس روڈ، اسمبلی چوک، جی پی او چوک اور داتا دربار کے اطراف بھی صفائی آپریشن جاری ہے۔ دوسری جانب تاج پورہ، ہربنس پورہ، کینال روڈ اور بند روڈ پر سڑکوں کے کناروں سے بارشی پانی کے اخراج کے لیے عملہ مینوئل سویپنگ میں مصروف ہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق شہر بھر کے انڈر پاسز اور شاہراہوں پر دستی اور مشینی صفائی کا عمل بھی جاری ہے تاکہ بارش کے بعد صفائی کی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان کا کہنا ہے کہ لاہوریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کو بہترین صفائی کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔