تھانہ کلچر میں تبدیلی کے لیے عملی قدم، تھانوں کی خفیہ جانچ کا آغاز
10-15-2026
(لاہور نیوز) تھانہ کلچر میں بہتری اور پولیس کے عوامی خدمت کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے تھانوں کی خفیہ جانچ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر سٹنگ آپریشن کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو عام شہری بن کر تھانوں کے فرنٹ ڈیسک سے رجوع کریں گی اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیں گی۔ خصوصی ٹیمیں درخواستوں کی وصولی، ای ٹیگ کے بروقت اجرا اور پولیس اہلکاروں کے رویے کی جانچ کریں گی۔ اس کے علاوہ شہریوں کو فرنٹ ڈیسک سے محرر یا دیگر اہلکاروں کے پاس بھجوانے اور غیر ضروری انتظار کروانے جیسے معاملات کی بھی نشاندہی کی جائے گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واضح کیا ہے کہ مقررہ طریقہ کار (ایس او پیز) کی خلاف ورزی پر متعلقہ عملے اور ایس ایچ اوز سے جواب طلب کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تھانوں میں فرنٹ ڈیسک شہریوں اور پولیس کے درمیان پہلا رابطہ ہوتا ہے، اس لیے وہاں عملے کا رویہ اور فوری ردعمل مثالی ہونا چاہیے۔ فیصل کامران کے مطابق شہریوں کو ٹالنے اور غیر ضروری انتظار کروانے کی کوئی گنجائش نہیں، تھانے کا سربراہ انتظامی امور کی نگرانی کے ساتھ عوامی خدمت کا بھی ذمہ دار ہے، جبکہ درخواستوں پر بروقت ای ٹیگ جاری کروانا ایس ایچ او کی ذمہ داری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ شہریوں کو ٹالنے کی روش ختم نہ کرنے والے افسران اپنی نشستوں پر نہیں رہیں گے اور عوامی خدمت میں کوتاہی پر ایس ایچ اوز کو بھی جواب دہ ہونا پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تھانوں کی کارکردگی کا تعین محض کاغذی رپورٹس کی بنیاد پر نہیں بلکہ عملی نتائج اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی بنیاد پر کیا جائے گا، اس اقدام کا مقصد تھانہ کلچر میں بہتری، پولیس کے رویے میں مثبت تبدیلی اور شہریوں کی شکایات کے ازالے کو یقینی بنانا ہے۔