پنجاب اسمبلی میں کے پی کے میں گورنر راج کی حمایت کی قرارداد جمع
10-15-2026
(لاہور نیوز) خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی حمایت میں پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔
قرارداد مسلم لیگ (ن) کے چیف وہپ پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد نے جمع کرائی، جس میں وفاقی حکومت کے ممکنہ اقدامات کو ملک کے وسیع تر مفاد اور امن و استحکام کیلئے ضروری قرار دیا گیا ہے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے باعث سنگین چیلنجز درپیش ہیں، جن سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گورنر راج کے فیصلے کو ملک کے وسیع تر مفاد میں دیکھا جانا چاہئے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاست کی رٹ برقرار رکھنے کیلئے وفاقی حکومت کے اقدامات ضروری ہیں۔ متن کے مطابق ایوان وزیراعظم شہباز شریف کو قومی سلامتی اور ملکی مفاد کو سیاسی مصلحتوں اور ممکنہ سیاسی نقصان پر ترجیح دینے پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہے، قرارداد میں کہا گیا کہ ریاست کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات سے محض سیاسی نقصان کے خدشے کے باعث گریز نہیں کرنا چاہئے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ایمرجنسی سے متعلق فیصلہ سکیورٹی اداروں کی رپورٹس، اعداد و شمار اور زمینی حقائق کی بنیاد پر کیا جانا چاہئے، جب حالات غیر معمولی اقدامات کا تقاضا کریں تو عوام کے تحفظ کیلئے بروقت اور مؤثر فیصلے ضروری ہوتے ہیں۔ قرارداد کے متن میں دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو پوری ریاست اور قوم کا مشترکہ مقصد قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ قانون کی حکمرانی کسی سیاسی جماعت یا حکومت کا نہیں بلکہ پورے ملک کا مشترکہ ہدف ہے۔ قرارداد میں امید ظاہر کی گئی کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بہتری، ریاستی اداروں کی مؤثر عمل داری اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کئے جانے والے اقدامات عوام کو پائیدار امن، تحفظ اور معمول کی زندگی فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ متن میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ملکی استحکام کیلئے سیاسی مفادات کے بجائے پاکستان کے وسیع تر مفاد کو مقدم رکھا جانا چاہئے، ایوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے امن و استحکام کے قیام کیلئے تمام ضروری آئینی و قانونی اقدامات کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔