پاکستان میں الیکٹرک بسوں کی تیاری، چینی کمپنی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط

10-15-2026

(ویب ڈیسک) پاکستان میں الیکٹرک بسوں کی تیاری اور مقامی آٹو موٹیو صنعت کے فروغ کیلئے پاکستانی کمپنی گو گو موٹرز اور چینی شینگ تانگ گروپ کے درمیان مجوزہ مشترکہ منصوبے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔

یہ پیشرفت وزیراعظم شہباز شریف کے پاک چین اقتصادی تعاون کے ویژن کے تحت صنعتی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ وزارتِ صنعت و پیداوار کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر دستخط پاکستان چین بزنس فورم کے زیرِ اہتمام عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کے دوران کیے گئے، تقریب میں حکومتی شخصیات، سفارت کاروں اور کاروباری شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان  نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر قائم ہے، اس تعلق کو صنعتی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی، مقامی پیداوار اور برآمدات میں اضافے کی صورت میں عملی نتائج میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا ویژن پاکستان کی معاشی صلاحیت کو پائیدار صنعتی ترقی، پیداواری روزگار اور برآمدات میں اضافے میں تبدیل کرنا ہے، حکومت چینی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے اور کاروباری سطح پر تعاون بڑھانے کیلئے پُرعزم ہے تاکہ سرمایہ کاری کے امکانات کو قابلِ عمل تجارتی منصوبوں میں بدلا جا سکے۔ انہوں نے وزارتِ صنعت و پیداوار کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزارت متعلقہ سرکاری اداروں اور چینی سفارت خانے کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے چینی کاروباری وفود کو سہولتیں فراہم کر رہی ہے، اس سلسلے میں ممکنہ پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ ملاقاتوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جبکہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں وفود کو ضروری انتظامی اور ادارہ جاتی معاونت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ مشیر برائے صنعت و پیداوار  نے کہا کہ الیکٹرک موبلٹی کا شعبہ پاکستان میں مینوفیکچرنگ کی بنیاد وسیع کرنے، مقامی سپلائی چینز کو ترقی دینے اور جدید آٹو موٹیو ٹیکنالوجی میں ملک کی صلاحیت بڑھانے کے اہم مواقع فراہم کرتا ہے، چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون سے زیادہ قدر پر مبنی مصنوعات کی تیاری اور بالخصوص نوجوانوں کیلئے ہنرمند روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ وزارتِ صنعت و پیداوار کے مطابق گو گو موٹرز اور شینگ تانگ گروپ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا بنیادی مقصد پاکستان میں الیکٹرک بسوں کی تیاری کیلئے ممکنہ مشترکہ منصوبے کی راہ ہموار کرنا ہے، اس تعاون کے ذریعے ٹیکنالوجی کی منتقلی، مقامی مینوفیکچرنگ کی صلاحیت میں اضافے اور ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ کے تحت برآمدات کے قابل گاڑیاں تیار کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔