پنجاب کے میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلوں کی پالیسی جاری

10-14-2026

(لاہور نیوز) پنجاب کے سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں تعلیمی سیشن 27-2026 کے لیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کی پالیسی جاری کر دی گئی۔

  یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) لاہور سیشن27-2026 کے لیے صوبے کے سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل اداروں میں مرکزی داخلوں کی ذمہ دار ہوگی۔ جاری کردہ پالیسی کے مطابق داخلوں کے لیے میرٹ کا تعین تین اجزا کی بنیاد پر کیا جائے گا، جن میں ایم ڈی کیٹ کے نمبرز کو 50 فیصد، ایف ایس سی پری میڈیکل یا مساوی قابلیت کو 40 فیصد اور میٹرک یا مساوی قابلیت کو 10 فیصد وزن دیا جائے گا۔ پالیسی کے تحت ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلے کے خواہش مند امیدواروں کے لیے ایم ڈی کیٹ پاس کرنا لازمی ہوگا، اس کے علاوہ امیدوار کے پاس ہائر سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ (ایچ ایس ایس سی)، ایف ایس سی یا پاکستان میں تسلیم شدہ مساوی بارہویں جماعت کی قابلیت ہونا ضروری ہے، جس میں کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کیے گئے ہوں۔ غیر ملکی یا دیگر مساوی تعلیمی قابلیت رکھنے والے امیدواروں کے لیے انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کا مساوی سرٹیفکیٹ بھی لازمی ہوگا۔ امیدوار کے لیے ضروری ہوگا کہ اس نے بارہویں جماعت کے امتحان میں بائیولوجی اور کیمسٹری لازمی مضامین کے طور پر جبکہ فزکس یا ریاضی اختیاری مضمون کے طور پر پاس کیا ہو۔ پالیسی کے مطابق میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے حافظ قرآن ہونے کی بنیاد پر اضافی نمبر نہیں دیے جائیں گے۔ یہ فیصلہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل انڈرگریجویٹ ایجوکیشن (ایڈمیشنز، کریکولم اینڈ کنڈکٹ) پالیسی اینڈ ریگولیشنز 2025 اور 4 اپریل 2023 کو چھ رکنی بینچ کی جانب سے سو موٹو کیس میں دیے گئے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ داخلوں کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کو اپنی پسند کے کالجز کی ترجیحی فہرست آن لائن فراہم کرنا ہوگی۔ نجی شعبے کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے لیے امیدوار کی جانب سے منتخب کیے جانے والے اداروں کی تعداد پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، جبکہ سرکاری شعبے میں امیدواروں کو ترجیحی ترتیب کے مطابق تمام متعلقہ کالجز کا انتخاب کرنا ہوگا۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ تک امیدوار اپنی درخواست میں تبدیلی کر سکیں گے، تاہم آن لائن درخواستوں کی آخری تاریخ گزرنے کے بعد کالجز کی ترجیحات کی تعداد یا ترتیب تبدیل نہیں کی جا سکے گی۔ پالیسی میں واضح کیا گیا ہے کہ جس کالج کو امیدوار اپنی ترجیحی فہرست میں شامل نہیں کرے گا، اسے داخلے یا اپ گریڈیشن کے لیے زیر غور نہیں لایا جائے گا۔ نجی شعبے کے اداروں میں داخلہ لینے والے امیدواروں کو کالج میں شمولیت کے وقت اپ گریڈیشن کا حق چھوڑنے کا اختیار حاصل ہوگا۔ تاہم، ایک مرتبہ یہ اختیار استعمال کرنے کے بعد امیدوار اپنے فیصلے میں کسی بھی مرحلے پر تبدیلی یا اسے منسوخ نہیں کر سکے گا۔ پالیسی کے مطابق داخلوں کا پورا عمل آن لائن پورٹل کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ امیدواروں کو ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں کے لیے الگ الگ درخواستیں جمع کرانا ہوں گی۔ کسی مخصوص پروگرام کے لیے درخواست نہ دینے والا امیدوار اس پروگرام میں داخلے کا اہل نہیں ہوگا۔ یو ایچ ایس امیدواروں کے میرٹ اور کالجز کی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصفانہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کالج وار سلیکشن لسٹیں تیار کرے گی۔ منتخب امیدواروں کے لیے لازم ہوگا کہ میرٹ لسٹ جاری ہونے کے بعد تین ورکنگ دنوں کے اندر متعلقہ کالج کی مقرر کردہ فیس جمع کرا دیں۔ پالیسی کے مطابق بیرون ملک اور غیر ملکی کوٹے کے تحت داخلوں کے علاوہ سرکاری شعبے کے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں کی سالانہ ٹیوشن فیس 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ مزید برآں، ایسے اوورسیز پاکستانی امیدوار جو اوپن میرٹ کی نشستوں پر منتخب ہوں گے، وہ پاکستانی طلبہ کے مساوی فیس ادا کریں گے۔ پالیسی کا مقصد پنجاب کے سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے عمل کو مرکزی، شفاف اور میرٹ و ترجیحات کی بنیاد پر مکمل کرنا ہے۔