غیر قانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف ایل ڈی اے کا آپریشن، 25 املاک سربمہر
10-14-2026
(لاہور نیوز) غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کی کارروائیاں جاری ہیں، مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران 25 املاک سربمہر کر دی گئیں۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے گلبرگ اور علامہ اقبال ٹاؤن میں کارروائیاں کرتے ہوئے گلبرگ میں 15 جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن میں 10 املاک سیل کر دیں۔ سربمہر کی گئی املاک میں نجی اسکول، ورکشاپس، فوڈ پوائنٹس، شو رومز، دکانیں اور دفاتر سمیت دیگر کمرشل املاک شامل ہیں۔ دوسری جانب ایل ڈی اے ہاؤسنگ ونگ نے قائداعظم ٹاؤن میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔ کارروائی سیکٹر اے ٹو کے بلاک ٹو اور سیکٹر بی ٹو کے بلاک فائیو میں کی گئی، جہاں ٹیموں نے گیراج، ریمپ، تھڑے، واش رومز اور دیگر تجاوزات مسمار کر دیں۔ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور ڈائریکٹر ہاؤسنگ سکس وسیم ظفر کی زیر نگرانی کیا گیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے کے مطابق غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔