پنجاب کے سرکاری کالجز میں غیر ملکی زبانوں کے کورسز شروع کرنے کی ہدایت

10-14-2026

(لاہور نیوز) پنجاب کے سرکاری کالجز میں جرمن، چینی، عربی، کورین، جاپانی، فرانسیسی، اطالوی اور ہسپانوی زبانوں کے کورسز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشنز کالجز پنجاب نے تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز کو فارن لینگویج سینٹرز کے قیام اور کورسز کے اجرا کیلئے ہدایات جاری کر دیں۔ ہدایت کے مطابق ہر زبان کے کورس میں کم از کم 60 طلبہ کا داخلہ یقینی بنایا جائے گا، جبکہ فی طالبعلم فیس 3 ہزار روپے سے زیادہ نہیں ہو گی، داخلوں کیلئے پٹب کا مرکزی ڈیجیٹل پورٹل استعمال کیا جائے گا۔ سرکاری کالجز میں فارن لینگویج سینٹرز ڈائریکٹوریٹ کی پیشگی اجازت سے قائم کئے جائیں گے، کورسز کیلئے اہل انسٹرکٹرز کی شفاف بھرتی اور انٹرنیٹ، ملٹی میڈیا سمیت جدید تدریسی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مزید برآں، غیر ملکی زبانوں کے کورسز کو عالمی معیار کے سرٹیفکیشن فریم ورک سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیا گیا ہے۔