پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے ریٹائرڈ ملازمین سالانہ انکریمنٹ سے محروم
10-14-2026
(ویب ڈیسک) پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ (پی سی ٹی بی) کے سیکڑوں ریٹائرڈ پنشنرز تاحال 5 فیصد سالانہ انکریمنٹ سے محروم ہیں۔
ریٹائرڈ ملازمین کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال میں منظور ہونے والا اضافہ اب تک انہیں ادا نہیں کیا گیا، 250 سے زائد ریٹائرڈ ملازمین نے پی سی ٹی بی سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی پنشن میں بھی سالانہ 5 فیصد انکریمنٹ فوری طور پر شامل کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل پی سی ٹی بی کے ریگولر ملازمین کو بھی 15 فیصد سالانہ انکریمنٹ سے محروم رکھا گیا تھا، تاہم مسلسل احتجاج کے بعد انہیں یہ اضافہ ادا کر دیا گیا۔ ریٹائرڈ ملازمین کے مطابق کم پنشن کے باعث روزمرہ کے گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہو گیا ہے، ریگولر ملازمین کی طرح ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں بھی سالانہ انکریمنٹ دیا جائے۔ ریٹائرڈ ملازمین نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کی پنشن میں فوری اضافہ نہ کیا گیا تو وہ اپنے مطالبات کے حق میں بھرپور احتجاج کریں گے۔