پنجاب کے گرین کریڈٹ پروگرام میں ایک لاکھ 64 ہزار سے زائد شہری رجسٹرڈ

10-14-2026

(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت کے گرین کریڈٹ پروگرام میں اب تک ایک لاکھ 64 ہزار 746 شہری رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جبکہ 14 ہزار 647 شہری ماحولیاتی اقدامات پر گرین کریڈٹ حاصل کر چکے ہیں۔

پروگرام کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں میں 70 سے 80 فیصد الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق ہیں، جبکہ پانی کے تحفظ اور پلاسٹک ویسٹ کی ری سائیکلنگ جیسے اقدامات میں دلچسپی نسبتاً کم ہے۔ ٹاسک ٹیم لیڈر ڈاکٹر محمد واجد اعجاز کے مطابق پروگرام کے تحت فضائی آلودگی میں کمی، پانی کے تحفظ، کچرے کے بہتر انتظام اور حیاتیاتی تنوع سمیت 38 ماحولیاتی اقدامات پر گرین کریڈٹ دیئے جا رہے ہیں، بارش کا پانی جمع کرنے کا نظام نصب کرنے اور اسے دوبارہ قابل استعمال بنانے کیلئے الگ الگ 50، 50 ہزار روپے کی سہولت بھی موجود ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق فضائی معیار کی بہتری کیلئے سب سے زیادہ 7 ہزار 908 شہری گرین کریڈٹ حاصل کر چکے ہیں، جبکہ پانی کے تحفظ کے شعبے میں یہ تعداد 279 ہے، پلاسٹک ری سائیکلنگ کے شعبے میں بھی اب تک صرف تین ادارے رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔