لائیوسٹاک کارڈ فیز ٹو کا افتتاح ، 16 ارب 20 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائینگے
10-14-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لائیوسٹاک کارڈ فیز ٹو کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا، وزیراعلیٰ نے کارڈ سوائپ کرکے سکیم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا۔
اس موقع پر محکمہ لائیوسٹاک سے متعلق خصوصی ڈاکیومنٹری پیش کی گئی، جبکہ وزیر لائیوسٹاک عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری لائیوسٹاک احمد عزیز تارڑ نے اسکیم کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائیوسٹاک کارڈ فیز ٹو کے تحت فارمرز کو 16 ارب 20 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ فارمرز ہر مویشی کے لیے 27 ہزار روپے حاصل کر سکیں گے، جبکہ ونڈا، سائیلیج اور منرل مکسچر سمیت مویشیوں کی متوازن خوراک بلاسود قرض پر خریدی جا سکے گی۔ قرض کی اصل رقم فارمرز ادا کریں گے، جبکہ سود حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔ حکام کے مطابق لائیوسٹاک کارڈ فیز ٹو کے ذریعے دو سال میں 6 لاکھ مویشیوں کو متوازن خوراک فراہم کرکے گوشت کی پیداوار میں اضافے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اسکیم کے تحت مویشیوں کی مفت ٹیگنگ اور منہ کھر کی بیماری سے بچاؤ کے لیے اینٹی ایف ایم ڈی ویکسینیشن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ فارمرز بلاسود قرض کی 25 فیصد رقم اے ٹی ایم کے ذریعے نقد بھی حاصل کر سکیں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائیوسٹاک کارڈ فیز ون کی ریکوری کا تناسب 96 فیصد رہا، جس پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اظہارِ مسرت کیا۔ پنجاب میں لائیوسٹاک کارڈ کے لیے 23 ہزار 312 کارڈ تیار کیے گئے، جبکہ 1,739 فارمرز نے اس سہولت کے ذریعے 70 ہزار سے زائد ٹرانزیکشنز کیں۔ حکام کے مطابق لائیوسٹاک کارڈ کی بدولت پنجاب میں خواتین فارمرز کی تعداد 90 سے بڑھ کر 1,107 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ صوبے سے جانوروں کی برآمدات میں 43 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ لائیوسٹاک کارڈ کے باعث ایک سال کے دوران پنجاب سے گوشت کی برآمدات میں 9 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا اضافہ بھی ہوا۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ لائیوسٹاک کنیکٹ پورٹل کے ذریعے 23 ہزار فارمرز کو گوشت کے برآمد کنندگان کے ساتھ براہِ راست منسلک کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب نے گوشت کی برآمدات بڑھانے کے لیے 8 بڑے ایکسپورٹرز کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ پامکو کے ذریعے چین، سعودی عرب، خلیجی ممالک، آذربائیجان، ازبکستان اور یورپی منڈیوں میں گوشت کی برآمد کے لیے بھی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ حکام کے مطابق لائیوسٹاک فارمرز نے منرلز پر 2 کروڑ روپے، سائیلیج پر 87 لاکھ روپے اور ونڈے پر 89 کروڑ 26 لاکھ روپے خرچ کیے۔ فارمرز کی سہولت کے لیے آن لائن پورٹل پر خود رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جبکہ رہنمائی اور معاونت کے لیے 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن 080009211 بھی قائم کر دی گئی ہے۔