رحمان بابا ایکسپریس حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی
10-14-2026
(لاہور نیوز) رحمان بابا ایکسپریس حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی، جس میں ٹرین کے پٹڑی سے اترنے کی وجہ کوچ کا لٹکتا ہوا پرزہ قرار دیا گیا ہے۔
مشترکہ سرٹیفکیٹ کے مطابق کوچ کی فرنٹ ٹرالی کا ٹریس بار ہینگر ریلوے کراسنگ کے بلاک سے ٹکرا گیا، جس کے بعد کوچ کا پرزہ کراسنگ کی نوز میں پھنس گیا اور ٹرین ڈی ریل ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق رحمان بابا ایکسپریس کی ایک کوچ پٹڑی سے اترنے کے بعد مزید 13 کوچز بھی ڈی ریل ہوگئیں، جس کے باعث اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریک متاثر ہوئے۔ حادثے کے دوران ٹرین کا انجن اور لگیج وین ریلوے کراسنگ سے بحفاظت گزر گئے۔ رحمان بابا ایکسپریس 672 ٹن وزن کے ساتھ سفر کر رہی تھی۔ حادثے کے مقام سے ٹریس بار ہینگر کا باقی حصہ بھی مل گیا، جبکہ ریلوے کراسنگ میں ٹرین کے دیگر پرزے بھی پھنسے ہوئے پائے گئے۔ حادثے کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کا مشترکہ سرٹیفکیٹ ریلوے حکام کے حوالے کردیا گیا ہے، جبکہ رحمان بابا ایکسپریس حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب رائیونڈ میں ٹرین حادثے کے معاملے پر پولیس کی جانب سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔