خونی ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا فیصلہ

10-13-2026

(لاہور نیوز) پنجاب میں جان لیوا ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کا کہنا تھا کہ ایکسیڈنٹس ہاٹ سپاٹس پر رش آورز کے دوران ویڈیوز بنا کر ان کا تجزیہ کیا جائے گا، جبکہ آئندہ ہفتے سے پنجاب بھر کی ٹیمیں ویڈیوز ہیڈ آفس بھجوائیں گی۔ ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق رواں سال لاہور میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ٹریفک حادثات میں 16 فیصد جبکہ صوبہ بھر میں 35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔       وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 76 فیصد جان لیوا حادثات میں ڈرائیور کی غفلت شامل رہی جبکہ تیز رفتاری اور غلط اوور ٹیکنگ حادثات کی بڑی وجوہات ثابت ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں رجسٹرڈ گاڑیوں میں موٹر سائیکلوں کا تناسب 84 فیصد ہے، سال 2026 کے پہلے نو ماہ کے دوران 39 فیصد ٹریفک حادثات موٹر سائیکلوں سے متعلق رہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق جنوری 2026 سے اب تک ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ڈیڑھ کروڑ سے زائد چالان بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔