پنجاب میں پرائیویٹ موٹر کاروں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کی آخری تاریخ میں توسیع
10-13-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں پرائیویٹ موٹر کاروں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کے حصول کی آخری تاریخ میں 31 دسمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کے مطابق اب پرائیویٹ موٹر کاروں کے مالکان مقررہ تاریخ تک اپنے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے، حکومت پنجاب نے گاڑیوں کے ایمیشن سرٹیفکیٹ کے اجرا کے حوالے سے بھی انجن کی صلاحیت اور گاڑی کی عمر کی بنیاد پر استثنیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت ایک ہزار سی سی تک کی موٹر کاروں کو پانچ سال تک، ایک ہزار ایک سے دو ہزار سی سی تک کی گاڑیوں کو چھ سال تک جبکہ دو ہزار سی سی سے زائد کی موٹر کاروں کو سات سال تک ایمیشن سرٹیفکیٹ سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے اس اقدام کا مقصد گاڑیوں کے فٹنس اور اخراج سے متعلق ضوابط پر عمل درآمد کو آسان بنانا اور مالکان کو سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے مزید وقت فراہم کرنا ہے۔ دوسری جانب لاہور میں گاڑیوں کی ایمیشن ٹیسٹنگ کیلئے نئے پی وی آئی سی ایس (PVICS) اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، جہاں 24 گھنٹے ٹیسٹنگ کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، اس اقدام سے گاڑیوں کے مالکان کو ٹیسٹنگ کیلئے زیادہ وقت اور سہولت میسر آنے کی توقع ہے۔ حکام کے مطابق پرائیویٹ موٹر کار مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق ضروری سرٹیفکیٹس حاصل کریں تاکہ بعد میں کسی قسم کی قانونی یا انتظامی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔