رائیونڈ، معمولی تلخ کلامی پر نوجوان قتل، بھائی زخمی

10-13-2026

(لاہور نیوز) رائیونڈ میں تلخ کلامی پر مسلح ملزمان نے تیز دھار آلے سے حملہ کرکے 26 سالہ نوجوان کو قتل جبکہ اس کے بھائی کو زخمی کر دیا۔

پولیس کے مطابق رائیونڈ روڈ پر وارث نامی شخص نے کوارٹرز بنا رکھے ہیں، گزشتہ رات کوارٹرز میں آنے والے لڑکوں کے دوستوں سے ملاقات کرنے پر مالک کے بیٹے نے انہیں منع کیا، جس پر تلخ کلامی شروع ہو گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تلخ کلامی کے دوران علی پٹھان سمیت نو ملزمان مبینہ طور پر مشتعل ہو کر موقع پر پہنچ گئے اور حملہ کر دیا، اس دوران قریب کھڑا 26 سالہ جنید حملہ آوروں کے تیز دھار آلے کی زد میں آکر جاں بحق ہو گیا، جبکہ اس کا بھائی جاوید زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد زخمی کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ پولیس نے مقتول کی لاش تحویل میں لے کر مردہ خانے منتقل کر دی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سات ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ فرار ہونے والے دو ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے۔