سی ایم پنجاب یوتھ گیمز، رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5 نومبر مقرر

10-13-2026

(لاہور نیوز) پاکستان کی تاریخ کے بڑے کھیلوں کے ایونٹس میں شامل سی ایم پنجاب یوتھ گیمز کی تیاریوں میں تیزی آ گئی ہے۔

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت اہم اجلاس میں رجسٹریشن، انتظامی امور اور مقابلوں کے انعقاد کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں یوتھ گیمز کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5 نومبر 2026 مقرر کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ ڈیڈ لائن میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز ایک تاریخی سپورٹس فیسٹیول ہو گا، جس میں ایک کروڑ نوجوان کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پچاس لاکھ کھلاڑیوں کو میدانوں میں کھیلتا دیکھنے کا عزم ہے، ایونٹ کو عالمی سطح پر نمایاں بنانے کیلئے گنیز ورلڈ ریکارڈز کی ٹیم کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اب تک 9 لاکھ 6 ہزار نوجوانوں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 62 ہزار تعلیمی ادارے یوتھ گیمز میں حصہ لیں گے، صوبائی وزیر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ رجسٹریشن اور انتظامی تیاریوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر نے محکمہ سکول ایجوکیشن کو رجسٹریشن کا عمل آسان بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا کوئی بچہ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز میں شرکت کے موقع سے محروم نہیں رہنا چاہئے، مدارس، سپیشل سکولز، پرائمری سکولوں سے لے کر جامعات تک کے طلبہ کو کھیلوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر کھیل کے مطابق پنجاب کی جامعات میں زیر تعلیم دوسرے صوبوں کے نوجوان بھی ان کھیلوں میں حصہ لے سکیں گے، جبکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تعلیمی اداروں کو خصوصی انعامات دیئے جائیں گے، یوتھ گیمز میں ہر طبقے کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یوتھ گیمز کے مقابلے یونین کونسل کی سطح سے شروع ہو کر صوبائی سطح تک منعقد کئے جائیں گے، جبکہ انٹر ڈویژنل فائنل مقابلے جنوری 2027 میں لاہور میں ہوں گے، صوبائی وزیر نے تمام متعلقہ محکموں کو رجسٹریشن کے تکنیکی معاملات کا تفصیلی جائزہ لینے اور کسی بھی رکاوٹ کو بروقت دور کرنے کی ہدایت کی۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اعلان کیا کہ ہر پیر کو یوتھ گیمز کی تیاریوں اور رجسٹریشن کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہو گا تاکہ مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس، وائس چیئرمین سپورٹس اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، محکمہ سکول ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن، ہوم، لوکل گورنمنٹ، لیبر، سوشل ویلفیئر اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نمائندگان بھی اجلاس میں شریک ہوئے، جبکہ پنجاب کے تمام ڈویژنل اور ضلعی سپورٹس افسران نے آن لائن شرکت کی۔