پنجاب کی ترقیاتی سکیموں کیلئے 63 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز منظور
10-12-2026
(لاہور نیوز) صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے نویں اجلاس میں مختلف ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 63 ارب 50 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ ڈاکٹر نعیم رؤف نے کی۔ اجلاس میں راولپنڈی رنگ روڈ آر-3 کی بانٹھ سے تھلیاں تک تعمیر کے لیے 51 ارب 32 کروڑ 60 لاکھ روپے، ضلع خوشاب میں جوہرآباد تا چوک گروٹ مظفرگڑھ روڈ کی دو رویہ تعمیر کے لیے 3 ارب 72 کروڑ 40 لاکھ روپے جبکہ وزیراعلیٰ کے ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘ پروگرام کے نظرثانی شدہ منصوبے کے لیے 8 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے پوزیشن پیپرز کی بھی منظوری دی۔ ان میں پنگاسیئس اور دیگر قیمتی مچھلیوں کی ہیچری سہولیات کا قیام، وزیراعلیٰ یوتھ انگیجمنٹ پروگرام اور سیف سٹی کچہ ایریا شامل ہیں۔ ان منصوبوں کے تحت نئی آسامیوں اور گاڑیوں کی خریداری سے متعلق پوزیشن پیپرز کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پیفٹیک میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) ہب کے قیام اور پنجاب لیگل ایڈ اینڈ اسسٹنس پورٹل کے لیے آسامیوں کی تخلیق سے متعلق پوزیشن پیپرز کی بھی منظوری دی گئی۔ اسی طرح پنجاب بھر میں صنعتی اخراج کے مؤثر انتظام کے لیے اے آئی پر مبنی کاربن مینجمنٹ اینڈ اکاؤنٹنگ پلیٹ فارم (CMAP) کے استعمال، فیصل آباد، لاہور، ملتان اور سیالکوٹ میں صنعتوں کو ماحول دوست بنانے کے پروگرام اور ’’سپارک: علم کے لیے پائیداری سے متعلق منصوبہ بندی اور عملی تحقیق‘‘ کے منصوبے کے پوزیشن پیپرز بھی منظور کیے گئے۔ اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ رفاقت علی، چیف اکانومسٹ، بورڈ کے ممبران اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔