ڈیجیٹل ادائیگیوں سے انکار کرنے والی فوڈ چینز کیخلاف کارروائی ہو گی، چیئرمین پی آر اے
10-12-2026
(لاہور نیوز) پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے ٹیکس وصولیوں میں شفافیت یقینی بنانے اور ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے ساتھ ویجلینس ونگ کو مزید فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت انفورسمنٹ ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹیکس قوانین پر عمل درآمد، ڈیجیٹل ادائیگیوں کی نگرانی اور فیلڈ آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین پی آر اے نے کمشنر پی آر اے لاہور ڈویژن کو ہدایت کی کہ انفورسمنٹ ٹیموں کی فیلڈ کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے اور ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کاروباری اداروں کے خلاف مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ معظم اقبال سپرا نے واضح کیا کہ ریکارڈ میں جعلسازی اور مالی بے ضابطگیوں سے بچنے کیلئے صارفین کمپنیوں کے ظاہر کردہ اکاؤنٹس میں ہی ڈیجیٹل ادائیگیاں کریں، عوام سے وصول کیے جانے والے ٹیکس کو شفاف طریقے سے سرکاری خزانے میں جمع کروانا قانونی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ چیئرمین پی آر اے کے مطابق سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کی فوری جانچ پڑتال کی جا رہی ہے، جبکہ اس سلسلے میں 70 سے زائد ریسٹورنٹس کو نوٹسز بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ای آئی ایم ایس (EIMS) کے ذریعے جاری ہونے والی رسیدوں پر کیو آر کوڈ لازمی قرار دے کر ان کی فوری تصدیق کا نظام مؤثر بنایا جائے، تاکہ صارفین کو ادائیگیوں اور ٹیکس ریکارڈ کی جانچ میں سہولت فراہم کی جا سکے۔ معظم اقبال سپرا نے مزید کہا کہ دھوکہ دہی کے ذریعے صارفین سے ٹیکس وصول کرکے سرکاری خزانے میں جمع نہ کروانے والے کاروباری اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور قانون کے مطابق بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔