لاہور پولیس کی کارروائی، دوہرے قتل کا مطلوب اشتہاری مجرم گرفتار
10-12-2026
(لاہور نیوز) انویسٹی گیشن پولیس شفیق آباد نے دوہرے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم کو خیبر پختونخوا (کے پی کے) سے گرفتار کر لیا۔
انچارج انویسٹی گیشن تھانہ شفیق آباد حسن زاہد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری مجرم کو خیبر پختونخوا سے گرفتار کیا، پولیس کے مطابق ملزم نے تقریباً ڈیڑھ سال قبل فائرنگ کرکے محمد موسیٰ اور علی رضا کو قتل کر دیا تھا، جس کے بعد وہ خیبر پختونخوا میں روپوش ہو گیا تھا۔ ایس پی انویسٹی گیشن سٹی فرحت عباس کے مطابق اشتہاری مجرم کو پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے، سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے کہا کہ پولیس پراسیکیوشن پارٹنرشپ کے ذریعے گرفتار اشتہاری مجرم کو عدالت سے قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔ سید ذیشان رضا کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس لاہور کی جانب سے اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن جاری رہے گا، جبکہ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔