پریزیڈنٹ ٹرافی: پشاور اور ایبٹ آباد میں شیڈول میچز لاہور، شیخوپورہ منتقل

10-12-2026

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے صوبہ خیبر پختونخوا میں سیاسی صورتحال کے باعث پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے جاری فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے پشاور اور ایبٹ آباد میں شیڈول میچز دوسرے شہروں میں منتقل کر دیئے ہیں۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ اور خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے اعلان کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہونے والے میچز پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے جہاں چھٹے راؤنڈ کا آغاز پیر سے ہو گا۔ پشاور کے عمران خان سٹیڈیم میں غنی اور حیدرآباد کنگز مین اکیڈمی کے درمیان میچ 14 اکتوبر سے شیخوپورہ کی رانا نوید اکیڈمی میں کھیلا جائے گا جبکہ ایبٹ آباد میں شیڈول سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کا مقابلہ لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔ آخری راؤنڈ کے میچز اب 19 اکتوبر سے شروع ہوں گے جبکہ مارخور آئی ٹی سلوشنز اور پاکستان ٹی وی کا میچ بھی لاہور میں ہو گا، پوائنٹس ٹیبل پر سٹیٹ بینک آف پاکستان 84 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ غنی 70 پوائنٹس  لے کر دوسرے نمبر پر ہے۔ لیگ مرحلے کی ٹاپ دو ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی جس کے مقام کا اعلان ہونا باقی ہے۔