پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا آپریشن، 6 فوڈ یونٹس بند، بھاری جرمانے
10-12-2026
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران 8 فوڈ یونٹس پر چھاپے مارے گئے۔
کارروائیوں کے نتیجے میں 6 یونٹس بند جبکہ 3 فوڈ بزنس آپریٹرز کو مجموعی طور پر 4 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، اس دوران 500 کلو چکن کٹس، تھائی پیس، لیگ اور مکس گوشت تلف کر دیا گیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق سمن آباد، اقبال ٹاؤن اور مرغزار میں ڈیری یونٹس جبکہ علی ٹاؤن میں ایک معروف کیش اینڈ کیری کو بند کر دیا گیا، رائیونڈ روڈ پر واقع کولڈ سٹور اور نشتر میں ایک معروف بیکری کو بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد کے مطابق کولڈ سٹور میں زائد المیعاد چکن، مچھلی، جھینگے، قیمہ اور پنیر موجود تھے، تازہ گوشت کے ساتھ زائد المیعاد چکن بھی ذخیرہ کیا گیا تھا، جبکہ قوانین کے برخلاف زائد المیعاد اشیاء کو تلف کرنے کیلئے الگ جگہ مختص نہیں کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ معائنے کے دوران ملازمین کے میڈیکل ریکارڈ نامکمل پائے گئے اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے، فوڈ یونٹس میں حشرات کی روک تھام کیلئے مناسب انتظامات نہ ہونے کے علاوہ سٹوریج ایریاز میں ناقص انتظامات، ٹوٹے ہوئے فرش اور تعفن زدہ ماحول بھی پایا گیا۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد نے فوڈ بزنس آپریٹرز کو قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کیلئے پنجاب میں کوئی گنجائش نہیں، خوراک کے نام پر انسانی صحت کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔