ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں، 40 سے زائد بھٹے مسمار
10-12-2026
(لاہور نیوز) پنجاب میں سموگ سیزن سے قبل ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی ماحولیات پنجاب عبداللہ نیئر شیخ کی نگرانی میں اینٹوں کے بھٹوں، صنعتی یونٹس، پائیرولیسس پلانٹس اور دیگر آلودگی پھیلانے والے ذرائع کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، محکمہ ماحولیات کے مطابق پنجاب بھر میں اب تک ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں پر 40 سے زائد اینٹوں کے بھٹے اور پائیرولیسس کے 30 سے زائد پلانٹس مسمار کئے جا چکے ہیں، جبکہ خلاف ورزیوں پر 2 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 85 اینٹوں کے بھٹوں کی انسپیکشن کی گئی، جن میں سے 4 بھٹے مسمار اور 2 سیل کر دیئے گئے، جبکہ ایک بھٹے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر مزید 3 بھٹوں کو سموگ نوٹس بھی جاری کئے گئے۔ کارروائیوں کے دوران صوبے بھر میں 24 صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا، خلاف ورزیوں پر 4 یونٹس سیل اور 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، اسی طرح باربی کیو اور کمرشل ککنگ پوائنٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 17 مقامات کی چیکنگ کی گئی اور 4 مقامات کو سموگ نوٹس جاری کئے گئے۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے 13 کمرشل ککنگ پوائنٹس پر سکشن ہڈز بھی نصب کرائے گئے ہیں، تاکہ دھوئیں اور آلودگی کے اخراج کو کم کیا جاسکے۔ ڈی جی ماحولیات پنجاب عبداللہ نیئر شیخ نے آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ ماہ بھی اینٹوں کے بھٹوں، صنعتی یونٹس اور دیگر آلودگی پھیلانے والے ذرائع کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئی تھیں۔ دوسری جانب کمزور ہواؤں کے باعث فضا میں آلودگی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر پنجاب بھر میں ماحولیاتی مانیٹرنگ اور فیلڈ انفورسمنٹ مزید سخت کردی گئی ہے، کلائمیٹ واچ کے مطابق لاہور میں دوپہر کے اوقات میں ہواؤں کی رفتار 2 سے 3 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے، جس سے آلودگی کے پھیلاؤ اور فضا میں اس کے جمع ہونے کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔ محکمہ ماحولیات کی جانب سے سموگ کی روک تھام اور فضائی آلودگی میں کمی کیلئے نگرانی اور کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔