لاہور: سوئی گیس کی بندش، ایل پی جی 450 روپے کلو تک فروخت
10-11-2026
(لاہور نیوز) شہر میں سوئی گیس کی بندش نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دیں، گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑنے کے باعث شہری متبادل ایندھن کے طور پر مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہو گئے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی عدم دستیابی کے باعث روزمرہ امور متاثر ہو رہے ہیں جبکہ کھانا پکانے کے لیے ایل پی جی کا استعمال اضافی مالی بوجھ بن گیا ہے۔ ایل پی جی کی سرکاری قیمت 258 روپے 65 پیسے فی کلو مقرر ہے تاہم اوپن مارکیٹ میں گیس 400 سے 450 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔ سرکاری نرخوں پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث صارفین کو مقررہ قیمت سے کہیں زیادہ ادائیگی کرنا پڑ رہی ہے۔ دکانداروں کی من مانی کے باعث ایل پی جی سرکاری نرخوں پر دستیاب نہیں جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے قیمتوں پر مؤثر نگرانی نہ ہونے سے مشکلات بڑھ رہی ہیں۔