لاہور میں ڈینگی کے خطرات برقرار، 30 ہزار سے زائد ہاٹ سپاٹس کی موجودگی کا انکشاف

10-11-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارلحکومت میں ڈینگی وائرس کے خطرات برقرار ہیں، شہر میں 30 ہزار سے زائد ڈینگی ہاٹ سپاٹس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ رواں سال ڈینگی وائرس کے کیسز میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں ڈینگی ہاٹ سپاٹس کی بھرمار ہے، سمن آباد ٹاؤن، داتا گنج بخش ٹاؤن، راوی ٹاؤن اور واہگہ ٹاؤن میں ڈینگی کی افزائش کے ممکنہ مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ لاہور میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 40 جبکہ پنجاب بھر میں 179 تک پہنچ چکی ہے۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ ڈینگی ہاٹ سپاٹس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ڈینگی ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور اپنے گھروں، گلیوں اور اردگرد کے علاقوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ خواجہ عمران نذیر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں بھی ڈینگی لاروا برآمد ہوگا، متعلقہ گھر پر ریڈ سٹیکر لگایا جائے گا۔