خواتین اور بچوں پر تشدد و زیادتی کے واقعات میں ملوث 7 ملزمان گرفتار

10-11-2026

(لاہور نیوز) ماڈل ٹاؤن ڈویژن پولیس نے گزشتہ ہفتے خواتین اور بچوں پر تشدد، زیادتی اور ہراسانی کے مختلف واقعات میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ پولیس کے مطابق گارڈن ٹاؤن پولیس نے 16 سالہ لڑکی سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا، جبکہ نشتر کالونی پولیس نے شادی کا جھانسہ دے کر لڑکی سے زیادتی کرنے والے ملزم کو حراست میں لیا۔ کوٹ لکھپت پولیس نے دو خواتین سے زیادتی کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کیا۔ اچھرہ پولیس نے لڑکی کو ہراساں کرنے اور نازیبا حرکات کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا۔ اسی طرح لیاقت آباد پولیس نے 10 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا، جبکہ کاہنہ پولیس نے نشہ آور دوا پلا کر بچے سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ کوٹ لکھپت پولیس نے بیوی پر تشدد کرنے کے الزام میں بھی ایک ملزم کو گرفتار کیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔