گرین فٹنس سٹیکرز کیلئے چھٹی کے روز بھی رش، 15 نومبر سے کارروائی ہوگی
10-11-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں گرین فٹنس سٹیکرز کے حصول کیلئے چھٹی کے روز بھی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں، ڈیڈ لائن میں ایک ماہ کی توسیع کے باوجود پی وکس سنٹرز پر رش برقرار ہے۔
ٹاؤن شپ اورکوئنز روڈ کے پی وکس سنٹرز سمیت شہر بھر میں قائم 12 مراکز پر گاڑیوں کی ایمیشن ٹیسٹنگ اور فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجراء کا عمل جاری ہے۔ حکام کے مطابق سموگ پر قابو پانے کیلئے نجی گاڑیوں کی ایمیشن ٹیسٹنگ لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ گاڑی مالکان کو پی وکس سنٹرز سے فٹنس سٹیکر اور سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ 15 نومبر کے بعد فٹنس ٹیسٹ نہ کروانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ گاڑیوں پر نصب کیے جانے والے کیو آر کوڈ والے فٹنس سٹیکر کی معیاد ایک سال ہوگی۔ فٹنس ٹیسٹنگ سے متعلق قواعد کے تحت ایک ہزار سی سی تک کی موٹر کاریں تیاری کی تاریخ سے پانچ سال، 1001 سے 2000 سی سی تک کی گاڑیاں چھ سال، جبکہ 2000 سی سی سے زائد کی موٹر کاریں سات سال تک اس شرط سے مستثنیٰ ہوں گی۔