خلیجی ممالک میں کشیدگی، ریاض کیلئے پی آئی اے کا آپریشن معطل
10-11-2026
(لاہور نیوز) خلیجی ممالک میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پاکستانی ایئرپورٹس سے سعودی عرب جانے والی متعدد پروازیں متاثر ہوئی ہیں، جبکہ ریاض کے لیے پی آئی اے کا آپریشن مکمل طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سے ریاض جانے والی فلائی جناح کی پرواز 9P-580 منسوخ کر دی گئی، جبکہ کراچی سے ریاض جانے والی سعودی ائیر کی پرواز SV-708 بھی منسوخ ہو گئی ہے۔ اسی طرح فلائی ناس کی کراچی سے مدینہ جانے والی پرواز XY-806 تکنیکی بنیادوں پر منسوخ کر دی گئی، جبکہ کراچی سے ریاض جانے والی فلائی ناس کی پرواز XY-314 بھی منسوخ ہونے والی پروازوں میں شامل ہے۔ دوسری جانب لاہور، کراچی، پشاور اور اسلام آباد سے جدہ اور مدینہ جانے والی پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی متعلقہ ائیرلائن سے پرواز کی تازہ ترین صورتحال کی تصدیق کر لیں۔