دعائیہ تقریبات: آئی جی پولیس کے حکم پر پنجاب بھر کے گرجا گھروں کی سکیورٹی ہائی الرٹ

10-11-2026

(لاہور نیوز) صوبہ پنجاب سمیت لاہور بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی برادری کے عباداتی اور دعائیہ پروگراموں کے پیش نظر پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے آر پی اوز، ڈی پی اوز اور دیگر سینئر پولیس افسران کو گرجا گھروں کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی ہے کہ سپروائزری افسران گرجا گھروں، اہم مقامات اور حساس تنصیبات کے سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈولفن اسکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ (پی آر یو) اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں کے اطراف مؤثر پٹرولنگ کریں۔ آئی جی پنجاب نے تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کو انتہائی چوکس رہنے اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور دیگر حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ عبدالکریم نے علما کرام، مسیحی برادری اور امن کمیٹیوں کے ارکان پر زور دیا کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔