پٹرولیم لیوی ختم کریں وگرنہ عوامی پریشر سے لیوی بھتہ ختم کروائیں گے، حافظ نعیم الرحمن

10-10-2026

(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی ختم کی جائے وگرنہ عوامی پریشر سے لیوی بھتہ ختم کروائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف پٹرولیم لیوی ختم کرنے کا اعلان کریں، بصورت دیگر وزیراعظم سے ملاقات کے بجائے سڑکوں پر ملاقات ہوگی، اگر حکومت کے ایجنڈے میں پٹرولیم لیوی کا خاتمہ شامل نہیں تو وزیراعظم سے ملاقات کا کیا فائدہ ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے خاتمے کی بات کی جائے تو اسے آئی ایم ایف کی اجازت سے مشروط کر دیا جاتا ہے، لیکن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جاری رہتا ہے، پٹرولیم لیوی کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں ہے اور حکومت کو عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات اور حکمرانوں کے سفری اخراجات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے حکمران اپنے اخراجات کم کریں، عوام کیلئے ریلیف پیکجز کا اعلان کیا جاتا ہے، لیکن ان سے محدود تعداد میں لوگ مستفید ہوتے ہیں، جبکہ کروڑوں عوام کے مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے اسٹیٹ بینک اور شرح سود کے معاملے پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت سود میں کمی کیوں نہیں کرتی، سعودی عرب ایشیائی ممالک کیلئے تیل کی قیمت میں پانچ ڈالر فی بیرل ریلیف دینے جا رہا ہے، جبکہ پاکستان میں آئل ریفائنریز اپنی مکمل پیداواری صلاحیت کے مطابق کام نہیں کر رہیں۔ حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ اگر کوئی آئل ریفائنری اپنی پیداواری صلاحیت 70 فیصد تک لے آئے تو ان کے بقول پٹرول پر سالانہ 69 ارب روپے کا فائدہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کل اوکاڑہ میں جلسہ کرے گی، جبکہ دو روز بعد اجلاس کے بعد لانگ مارچ ملتان سے دوبارہ شروع کیا جائے گا اور مختلف اطراف سے اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کی جائے گی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن پُرعزم ہیں اور اسلام آباد جانے کیلئے تیار ہیں، جماعت اسلامی کسی قسم کی آگ یا فساد نہیں چاہتی، تاہم عوامی دباؤ کے ذریعے پٹرولیم لیوی ختم کروائی جائے گی۔